ایران کے جزیرہ خارگ سے تیل اخراج،سیٹلائٹ تصاویر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ایران کے اہم برآمدی ٹرمینل سے اخراج کی وجہ فوری معلوم نہ ہوسکی

May 9, 2026 · بام دنیا

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سیٹلائٹ تصاویر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارگ کے ساحل کے قریب تیل کے اخراج کے آثار سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جزیرہ خارگ کے اطراف سمندر میں بڑی مقدار میں تیل پھیلتا دکھائی دے رہا ہے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اخراج کی اصل وجہ کیا ہے۔

تیل کے اخراج پر نظر رکھنے والے ادارے آربٹل ای او ایس کے مطابق پھیلا ہوا تیل تقریباً 52 مربع کلومیٹر کے علاقے تک پھیل چکا ہے اور اس کا رخ سعودی عرب کے سمندری پانیوں کی جانب دیکھا جا رہا ہے۔

جزیرہ خارگ ایران کا سب سے بڑا آئل ٹرمینل تصور کیا جاتا ہے، جہاں تیل کی پائپ لائنز، بڑے اسٹوریج ٹینک اور تیل کی برآمد سے متعلق اہم تنصیبات موجود ہیں۔