روس اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کا رابطہ۔آبنائے ہرمز پر بات چیت
روس اور یو اے ای کا دیرپا حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق گفتگو کا مرکز آبنائے ہرمز کی صورتحال رہی، جس پر اقوام متحدہ میں جاری مشاورت بھی زیر بحث آئی۔
بیان میں کہا گیا کہ روسی فریق نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکراتی کوششوں کی حمایت پر توجہ دی جانی چاہیے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق ماسکو نے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا کہ استحکام کے امکانات کو دوبارہ جنگی کارروائیوں کے آغاز سے خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے، کیونکہ اس سے نہ صرف شہری جانی نقصان ہوگا بلکہ ایران اور ہمسایہ ممالک میں شہری انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچے گا۔
بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے رابطے میں رہنے اور تمام فریقین کے مؤقف کو ہم آہنگ کرتے ہوئے دیرپا اور پائیدار حل کی کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔