ٹرمپ اپنے بنیادی مطالبات سے کم پر کوئی معاہدہ قبول نہیں کریں گے۔وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس کے ’کرائسس روم‘ میں ہونے والا اجلاس تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔ ترجمان
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ’کرائسس روم‘ میں ہونے والا اجلاس تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر اپنا حتمی فیصلہ کر لیا ہے یا نہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عہدیدار نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ صرف ایسے معاہدے کو قبول کریں گے جو امریکہ کے مفاد میں ہو اور ان کی مقرر کردہ سرخ لکیروں یعنی ریڈ لائنز پر پورا اترتا ہو۔ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایک سینئر ایرانی ذریعے نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ معاہدہ ’تکمیل کے قریب‘ ہے، تاہم اسے ابھی تک حتمی منظوری حاصل نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور اہم معاملات پر اتفاقِ رائے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔