امریکہ نے ایران کے دفاعی سپلائی نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کر دیں
وہ ایران کے دفاعی شعبے کو حساس امریکی ٹیکنالوجی فراہم کر رہا تھا
امریکہ نے ایران کے دفاعی ٹیکنالوجی سپلائی نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران سے متعلق تازہ ترین پابندیوں کے تحت امریکہ نے ایک ایسے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا ہے جس کے بارے میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وہ ایران کے دفاعی شعبے کو حساس امریکی ٹیکنالوجی فراہم کر رہا تھا۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ نے ایران سے متعلق نئی پابندیوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جو انسدادِ دہشت گردی کے ضوابط کے تحت عائد کی گئی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ نیٹ ورک علی مجد سپہر کی سربراہی میں کام کر رہا تھا اور مبینہ طور پر فرضی کمپنیوں اور جعلی ویب سائٹس کے ذریعے درجنوں امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو دھوکا دے کر ایران کے دفاعی شعبے کے لیے حساس آلات حاصل کرتا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ارکان نے خود کو جائز امریکی کمپنیوں کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی، جن میں فریکوئنسی سپیکٹرم اینالائزرز اور سکیورٹی آلات شامل ہیں، خریدے اور بعد ازاں انھیں دبئی میں موجود ثالثوں کے ذریعے ایران منتقل کیا۔
واشنگٹن کے مطابق یہ سرگرمیاں امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں اور ان کے ذریعے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملی۔