لبنان کے جنوبی علاقے سےاسرائیل کا انخلا کا مطالبہ ماننے سے انکار
حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے تک موجودہ پوزیشن برقرار رکھی جائے گی۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان سے اپنی فوج کے انخلا کے مطالبے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث دونوں جانب جاری مذاکرات میں صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے دوران لبنانی حکام نے اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان سے انخلا کا مطالبہ دہرایا، تاہم اسرائیل نے اس مطالبے سے اتفاق نہیں کیا۔
اسرائیلی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے تک موجودہ پوزیشن برقرار رکھی جائے گی۔ ساتھ ہی اسرائیل نے خطے میں حزب اللہ کی سرگرمیوں کی نگرانی سے متعلق اپنے تحفظات بھی سامنے رکھے۔
اطلاعات کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کے نمائندے براہِ راست ملاقات کے بجائے امریکی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لبنانی وفد نے اسرائیلی شرائط اور عسکری اصطلاحات پر وضاحت طلب کی، جبکہ اسرائیلی جانب سے حزب اللہ کے اسلحے اور تنصیبات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا۔
تاحال مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے اور جنوبی لبنان کی صورتحال بدستور عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔