ایران جانے والے گیمبیا کے پرچم بردار جہاز کو تباہ کر دیا۔سینٹکام

ایم وی لاین سٹار جہاز بین الاقوامی سمندری حدودمیں ایران کی طرف پیش قدمی کر رہاتھا

May 31, 2026 · بام دنیا

امریکی سینٹرل کمانڈ یعنی سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے جمعہ 29 مئی کو خلیجِ عمان میں بحری ناکہ بندی نافذ کرتے ہوئے ایک ایسے تجارتی جہاز کو ناکارہ بنا دیا جو ایران کی بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا۔

سینٹ کام کے مطابق ایم وی لاین سٹار نامی یہ جہاز بین الاقوامی سمندری حدود میں ایران کی طرف پیش قدمی کر رہا تھا۔ امریکی افواج نے جہاز کو 20 سے زائد بار وارننگ جاری کیں اور اسے بتایا کہ وہ امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

بیان کے مطابق جب جہاز کے عملے نے ان ہدایات کو نظر انداز کیا تو ایک امریکی طیارے نے جہاز کے انجن روم کو نشانہ بناتے ہوئے ہیل فائر میزائل فائر کیا، جس کے نتیجے میں جہاز ناکارہ ہو گیا۔

سینٹکام نے کہا کہ ’یہ جہاز اب ایران کی طرف سفر جاری نہیں رکھ سکتا۔‘

ادارے نے مزید کہا کہ ناکہ بندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اب تک امریکی افواج پانچ تجارتی جہازوں کو تباہ کر چکی ہیں اور 116 جہازوں کا رخ موڑ چکی ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے۔