امریکہ۔ برطانیہ اور آسٹریلیا کا زیرِ آب ڈرون پروگرام پر اتفاق

یو یو وی کی یہ ٹیکنالوجی آئندہ سال تک تیار ہونے کی توقع ہے۔

May 31, 2026 · بام دنیا

امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ سمندر کی تہہ میں بچھائی گئی مواصلاتی کیبلز کے تحفظ اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پانی کے اندر کام کرنے والی ڈرون ٹیکنالوجی تیار کریں گے۔ یہ منصوبہ تینوں ممالک کے دفاعی اتحاد ’آکس‘ کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔

بغیر عملہ زیرِآب چل نے والی گاڑی یعنی یو یو وی کی یہ ٹیکنالوجی آئندہ سال تک تیار ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ منصوبے کی مجموعی لاگت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا کہ برطانیہ اس منصوبے میں 150 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرے گا۔

یہ اعلان سنگاپور میں منعقدہ ایک سکیورٹی سربراہی اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے وزرائے دفاع نے کیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آکس کے مختلف منصوبوں کی رفتار سست ہونے پر تنقید کی جا رہی تھی۔

تنقید کا اعتراف کرتے ہوئے جان ہیلی نے کہا کہ ’طویل عرصے تک آکس میں ہم نے زیادہ باتیں کیں اور کم نتائج دیے، لیکن اب ہماری تینوں حکومتوں کے دور میں یہ صورتحال بدل چکی ہے۔‘

سنہ 2021 میں قائم ہونے والے آکس دفاعی معاہدے کے تحت امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا نے جوہری آبدوزوں کی تیاری اور فوجی ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق کیا تھا۔