آبنائے ہرمز سے 24 گھنٹوں میں 28 بحری جہاز گزرگئے،ایرانی پاسدارانِ انقلاب
بحری راستے پر مکمل نگرانی برقرار رکھی جا رہی ہے تاکہ آمدورفت بلا تعطل جاری رہے۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز سے 28 بحری جہاز کامیابی سے گزرے، جن میں تیل بردار ٹینکرز، کنٹینر جہاز اور دیگر تجارتی کشتیاں شامل تھیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام بحری جہاز آبنائے ہرمز سے سکیورٹی نگرانی کے تحت محفوظ طریقے سے گزرے۔ بیان کے مطابق بحری راستے پر مکمل نگرانی برقرار رکھی جا رہی ہے تاکہ آمدورفت بلا تعطل جاری رہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول مؤثر انداز میں برقرار ہے اور اس اہم عالمی سمندری گزرگاہ میں سکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
آبنائے ہرمز کو دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار ترسیل کی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی کے اثرات عالمی تیل منڈی پر فوری طور پر مرتب ہو سکتے ہیں۔