صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں ، ایرانی حکومت

یہ افواہیں مخصوص غیر ملکی میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے ایران میں سیاسی عدم استحکام اور پروپیگنڈا پھیلانے کی ایک دانستہ کوشش ہیں،الیاس حضرتی

June 1, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی حکومت کی انفارمیشن کونسل کے سربراہ الیاس حضرتی نے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے سے متعلق غیر ملکی میڈیا پر گردش کرنے والی تمام رپورٹس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں الیاس حضرتی نے واضح کیا کہ صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے کے دعوے سراسر جھوٹے ہیں اور ان کا “حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ایرانی عہدیدار نے افواہیں پھیلانے والے عناصر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان رپورٹس کے پیچھے کارفرما قوتیں عوام کو باخبر رکھنے کے بجائے ملک میں مایوسی، پھوٹ اور قومی اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم وہ اپنے ان مذموم مقاصد میں بری طرح ناکام ہوں گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ افواہیں مخصوص غیر ملکی میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے ایران میں سیاسی عدم استحکام اور پروپیگنڈا پھیلانے کی ایک دانستہ کوشش ہیں، جبکہ صدر مسعود پزشکیان اپنے فرائض کی انجام دہی اور ملکی امور کو چلانے کے لیے بدستور پرعزم ہیں۔

 واضع رہے قبل ازیں ایران انٹرنیشنل اور یروشلم پوسٹ سمیت بعض میڈیا اداروں نے استعفے کی خبر دی تھی۔