پاکستان فٹبال فیڈریشن میں فوری اصلاحات ناگزیر: فیفا
رولف ٹینر کا کہنا، گورننس کا نظام بہتر بنا کر عالمی اہداف حاصل کریں
فائل فوٹو
پاکستان میں فٹبال کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فیفا اور پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے حکام نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کو گورننس کا نظام بہتر بنانا ہوگا۔
فیفا کے ہیڈ آف ممبر ایسوسی ایشنز گورننس رولف ٹینر نے کہا کہ دو روز کے دوران پاکستان کے فٹبال اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی ملاقاتیں کی گئیں اور نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن میں فوری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جلد آئین میں ضروری ترامیم کرے گا تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق گورننس بہتر ہو سکے۔
رولف ٹینر نے واضح کیا کہ پی ایف ایف کے معاملات میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مالی امور کا جائزہ فیفا کی متعلقہ کمیٹی لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، تاہم ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی نے کہا کہ آئین میں 2013 کے بعد کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی، اس لیے فیفا کی ہدایات پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترامیم میں خواتین سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ فٹبال کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
محسن گیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیمیں بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہی ہیں اور پی ایف ایف ڈومیسٹک سطح پر فٹبال کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد پاکستان فٹبال لیگ کا انعقاد کیا جائے گا اور محدود فنڈنگ کے باوجود فیڈریشن فٹبال کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔