بیروت پر حملے کی صورت میں ایران کا جوابی کارروائی کا انتباہ
ایران نے شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو علاقہ چھوڑنے کی تنبیہ کر دی۔
فائل فوٹو
تہران: ایران کے مرکزی فوجی کمانڈ نے شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر حملہ کرنے کی اپنی دھمکی پر عمل کیا، تو وہ فوری طور پر اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘ایرنا’ کے مطابق، خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتباہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بیروت کے علاقے ‘ضاحیہ’ میں شہریوں کو زبردستی گھر خالی کرنے کے حکم کے ردعمل میں دیا گیا ہے۔
ایرانی فوجی کمانڈر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر بیروت پر حملے کی اس دھمکی پر عمل کیا گیا تو ہم مقبوضہ علاقوں کے شمالی حصوں اور فوجی بستیوں کے رہائشیوں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ اگر وہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچنا چاہتے ہیں تو وہ فوری طور پر یہ علاقہ چھوڑ دیں۔