امریکی سینیٹ میں ایران جنگ پالیسی پر شدید تنقید۔روبیو سے سخت سوالات

ٹرمپ کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹرز

June 3, 2026 · بام دنیا

امریکی سینیٹ میں ایران کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال پر وزیر خارجہ مارکو روبیو کو شدید تنقید اور سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو بھی سینیٹرز نے ہدفِ تنقید بنایا۔

امریکی سینیٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وین ہولن نے کہا کہ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی مکمل ناکامی کا شکار ہو چکی ہے اور ایران کے ساتھ موجودہ کشیدگی ایک غیر دانشمندانہ اور خطرناک اقدام ہے۔

سینیٹر کورے بکر نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی بندش کو بطور دباؤ استعمال کیا جا رہا ہے، جو عالمی معیشت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے مخالف فریقوں کو خطے میں اثرانداز ہونے کا موقع ملا ہے، اور یہ جنگی صورتحال شروع ہی نہیں ہونی چاہیے تھی۔

سینیٹرز نے مجموعی طور پر انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ اس کی پالیسیوں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھا دی ہے، جبکہ عالمی توانائی منڈی اور معیشت بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔