حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کرا دی
تاجروں کے بوجھ کو کم کرنے اور ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے کا اقدام
فائل فوٹو
حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کروا دی ہے، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو وسیع اور ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ٹیکس کی شرح بڑھانے کی بجائے اسے کم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس کا نظام آسان ہو۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود ملکی معیشت مستحکم رہی اور حکومت نے مختلف چیلنجز کا مقابلہ اپنے وسائل سے کیا، کسی بیرونی مدد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ یہ اسکیم ایسے دکانداروں پر لاگو ہوگی جن کا سالانہ ٹرن اوور 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے، جبکہ دکاندار اپنی مرضی سے موجودہ ٹیکس نظام میں بھی رہ سکتے ہیں۔
اسکیم میں شامل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے خصوصی شناختی پلیٹ جاری کی جائے گی، جس پر دکان کا نام، این ٹی این اور ٹیکس سے متعلق معلومات درج ہوں گی۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے ایف بی آر انسپکٹر دکان کی تصدیق کرے گا اور بغیر اسکین کیے انسپکٹر کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید بتایا گیا کہ اسکیم میں شامل دکاندار عمومی آڈٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ خصوصی آڈٹ سے قبل تاجر تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی۔ آڈٹ معاملات کے لیے ایک باقاعدہ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ ملک میں 30 سے 40 لاکھ چھوٹے دکاندار موجود ہیں اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ایک اہم سنگ میل ہوگا۔
وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ کی حمایت سے اسکیم نافذ کی جا رہی ہے اور ایف بی آر حکام اور تاجر برادری کے تعاون سے اسے حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تاجروں کے ساتھ مل کر اس اسکیم کو کامیاب بنایا جائے گا۔