ایران جنگ بندی ڈیل پر آمادہ نہیں ہوا۔ ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر کے مطابق ایران طاقتور ہے مگر آخرکار معاہدہ کرنا پڑے گا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران نے جنگ بندی کے لیے کسی ڈیل پر اتفاق نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اس لیے اتفاق نہیں کیا کیونکہ وہ طاقتور اور خوددار ہے، تاہم ان کے مطابق بالآخر ایران کو معاہدہ کرنا ہی پڑے گا کیونکہ اس کے پاس کوئی اور راستہ نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اسے اس نوعیت کے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ڈیموکریٹ ہوتے تو کوئی یہ سوال نہ کرتا کہ جنگ کب جیتی جائے گی۔
اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ کو ایران کے معاملے پر نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور وہ اس پوزیشن میں بھی نہیں ہونا چاہیے۔
ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز سے بڑی تعداد میں آئل ٹینکرز گزر رہے ہیں، تاہم وہ ان کی درست تعداد ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال جلد معمول پر آنے کی توقع ہے، جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے، حتیٰ کہ قیمتیں پہلے سے بھی کم ہو سکتی ہیں۔