کویت کا ایرانی حملوں کی تصدیق کا دعویٰ، بجلی گھر اور ڈی سیلینیشن پلانٹ متاثر

بعض مقامات پر آگ بھی بھڑک اٹھی، تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

July 22, 2026 · بام دنیا

کویت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں میں ملک کے ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ اور بجلی گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اہم تنصیبات متاثر ہوئیں۔

کویتی وزارتِ پانی و بجلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران یہ چوتھا موقع ہے جب ایران کی جانب سے حملوں میں بجلی گھروں اور سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے والے پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ وزارت کے مطابق بعض مقامات پر آگ بھی بھڑک اٹھی، تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب چند گھنٹے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کویت میں موجود امریکا کے تین فوجی اڈوں کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔

تاحال ایران اور امریکا کی جانب سے ان تمام دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔