آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے عالمی بحری اتحاد کی تیاری

اجلاس میں مغربی ممالک اور خطے کے چند شراکت دار ممالک کے وزرائے دفاع، اعلیٰ فوجی حکام اور سیکیورٹی ماہرین کی شرکت متوقع ہے

July 25, 2026 · بام دنیا

امریکہ اور برطانیہ آئندہ ہفتے لندن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے ممکنہ بین الاقوامی بحری اتحاد کے قیام پر غور کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں مغربی ممالک اور خطے کے چند شراکت دار ممالک کے وزرائے دفاع، اعلیٰ فوجی حکام اور سیکیورٹی ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کی حتمی تاریخ اور ایجنڈا ابھی طے کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین کی بھی ممکنہ شرکت زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن اور لندن اس اجلاس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جبکہ برطانوی حکام نے اس معاملے پر فی الحال کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانا خطے میں کشیدگی کم کرنے، عالمی تجارتی راستوں کو فعال رکھنے اور توانائی کی عالمی منڈیوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت اتحادی ممالک سے بارودی سرنگیں صاف کرنے والے بحری جہاز، جنگی بحری اثاثے، ڈرونز اور دیگر دفاعی وسائل فراہم کرنے پر بھی بات چیت متوقع ہے تاکہ اہم بحری گزرگاہوں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔