امریکا کا خلیج عمان میں ایل پی جی ٹینکر پر حملہ

حملے کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، جس سے ٹینکر کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔

July 25, 2026 · بام دنیا

خلیجِ عمان میں ایک ایل پی جی ٹینکر پر حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ مختلف ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، جس سے ٹینکر کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ امریکی افواج کی جانب سے کیا گیا اور اس میں ٹینکر کے عملے کے دو افراد  جاں بحق ہوئے۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آوروں نے جہاز کو ایرانی گیس بردار ٹینکر سمجھ کر نشانہ بنایا۔

دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ایرانی دعوؤں کی آزاد ذرائع سے بھی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

ادھر سعودی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جمعے کے روز بحیرۂ احمر میں ایک سعودی تجارتی جہاز “این سی سی ماسا” کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو معمولی نقصان پہنچا۔

سعودی حکام کے مطابق واقعے میں جہاز کا تمام عملہ محفوظ رہا اور جہاز معمول کے مطابق اپنی منزل کی جانب روانہ ہے۔

حالیہ واقعات کے بعد خلیجِ عمان اور بحیرۂ احمر میں بحری سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ عالمی برادری خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔