ناکہ بندی توڑنے والے 12 جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا،امریکی فوج

کارروائی کے دوران دو جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا، جبکہ مزید دو بحری جہازوں پر سوار ہو کر ان کی تلاشی بھی لی گئی

July 26, 2026 · بام دنیا

 امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے متعلق بحری ناکہ بندی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور اس دوران ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے 12 بحری جہازوں کا راستہ تبدیل کر دیا گیا۔

سینٹکام کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران دو جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا، جبکہ مزید دو بحری جہازوں پر سوار ہو کر ان کی تلاشی بھی لی گئی تاکہ ناکہ بندی کے نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔

بیان کے مطابق امریکی افواج نے ہفتے کے روز بحیرۂ عرب میں کوموروس کے پرچم والے آئل ٹینکر “چارمینار” کی جانچ پڑتال کی۔ معائنہ مکمل ہونے کے بعد جہاز کو اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔

سینٹکام کا مزید کہنا ہے کہ 24 جولائی کو خلیجِ عمان میں موزمبیق کے پرچم بردار آئل ٹینکر “لاوین” کو اس وقت ناکارہ بنایا گیا جب اس کے عملے نے متعدد بار امریکی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی۔ امریکی فوج کے مطابق یہ جہاز اب ایران کی جانب سفر نہیں کر رہا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 14 جولائی سے ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی طرف جانے یا وہاں سے روانہ ہونے والے جہازوں پر دوبارہ سخت بحری نگرانی اور ناکہ بندی نافذ کی گئی ہے۔ تاہم اس معاملے پر ایرانی حکام کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔