ایران امریکا سے مذاکرات کیلئے تیار، پاکستان کو آگاہ کردیا

پہلے مرحلے میں آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات، دوسرے مرحلے میں منجمد اثاثوں جبکہ آخری مرحلے میں جوہری پروگرام پر بات چیت کی تجویز دی گئی ہے

July 27, 2026 · بام دنیا

ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران جنیوا، دوحہ یا اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر تیار ہے، تاہم تہران چاہتا ہے کہ بات چیت کسی طے شدہ مفاہمتی فریم ورک کے تحت آگے بڑھائی جائے۔

رپورٹس کے مطابق ایران مذاکرات کو مختلف مراحل میں مکمل کرنے کا خواہاں ہے۔ پہلے مرحلے میں آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات، دوسرے مرحلے میں منجمد اثاثوں جبکہ آخری مرحلے میں جوہری پروگرام پر بات چیت کی تجویز دی گئی ہے۔

ایران نے آبنائے ہرمز میں کسی نئی راہداری کے قیام کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق پاکستان اور قطر سمیت بعض ممالک ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کے تبادلے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران کی پہلی ترجیح اپنی خودمختاری اور سلامتی کا دفاع ہے، جبکہ سفارتی کوششوں کو بھی جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ ماضی میں مذاکراتی عمل کے دوران فوجی کارروائیوں سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا، تاہم فریقین کے درمیان رابطوں کے امکانات بدستور موجود ہیں۔

عالمی مبصرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات خطے کی کشیدگی، توانائی کی ترسیل اور عالمی منڈیوں پر اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔