ایران نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی تصدیق کر دی

اس کی ایروسپیس فورس نے اردن میں موجود امریکی فوج کے فضائی اڈے اور امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کے ایک مرکز کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

July 29, 2026 · بام دنیا

ایران نے اردن میں واقع امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی امریکی اقدامات کے جواب میں کی گئی۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس کی ایروسپیس فورس نے اردن میں موجود امریکی فوج کے فضائی اڈے اور امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کے ایک مرکز کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق یہ حملہ امریکا کی مبینہ جارحانہ کارروائیوں کے ردعمل میں کیا گیا، جبکہ ایرانی حکام نے اسے اپنی دفاعی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملے کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ امریکی فوج کے مطابق تمام میزائل اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیے گئے اور کسی امریکی تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی کوشش اچانک کی گئی تھی، تاہم امریکی افواج مکمل طور پر تیار تھیں اور فوری ردعمل کے باعث تمام خطرات کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست فوجی کارروائیوں میں نسبتاً خاموشی دیکھی جا رہی تھی، تاہم تازہ پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔