واشنگٹن میں نیتن یاہو کے خلاف بڑا احتجاج، مظاہرین کا گرفتاری کا مطالبہ

شدید بارش کے باوجود مظاہرین فلسطینی پرچم اور مختلف بینرز اٹھائے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرتے رہے

July 29, 2026 · بام دنیا

 واشنگٹن: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سینکڑوں مظاہرین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کرے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے باوجود مظاہرین فلسطینی پرچم اور مختلف بینرز اٹھائے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرتے رہے۔ احتجاج کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بڑی تعداد تعینات رہی۔

رپورٹس کے مطابق مظاہرین کے ایک گروپ نے جارج ٹاؤن میں واقع فور سیزنز ہوٹل کی لابی میں داخل ہونے کی کوشش کی، جہاں بنیامین نیتن یاہو عشائیے میں شریک تھے۔ مظاہرین نے ہوٹل کے اندر موجود ریسٹورنٹ تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا اور بعد ازاں عمارت سے باہر نکال دیا۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے نیتن یاہو کے خلاف نعرے بھی لگائے، جبکہ احتجاجی مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 2024 میں بنیامین نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اسرائیلی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

تاحال امریکی حکام کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ نیتن یاہو اپنے دورۂ واشنگٹن کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔