ایران کے جزیرے قشم میں رہائشی عمارت پر حملہ،3 افراد جاں بحق
ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور ممکنہ متاثرین تک رسائی کے لیے مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ایران کے جزیرہ قشم میں ایک رہائشی عمارت پر ہونے والے مبینہ فضائی حملے کے بعد امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملبے سے ایک اور بچے کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ حملے میں تین افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ عمارت میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد رہائش پذیر تھے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور ممکنہ متاثرین تک رسائی کے لیے مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
فارس نیوز کے مطابق زخمی ہونے والے دو بچے، جن کی عمریں 7 اور 9 سال بتائی جا رہی ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک میاں بیوی اور ایک بچہ شامل ہیں، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور جانی نقصان کے حوالے سے معلومات کا انتظار ہے۔
واقعے کے بعد مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ حملے سے متعلق مختلف دعوؤں اور اطلاعات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔