حوثیوں کی باب المندب سے گزرنے والے جہازوں پر ٹول ٹیکس کی تردید
عالمی بحری گزرگاہ پر ٹیکس یا فیس عائد کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں اور اس بارے میں گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
صنعاء: یمن میں حوثیوں کے زیرِ انتظام میری ٹائم کوآرڈینیشن باڈی نے باب المندب کی آبنائے سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور باب المندب سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کی آمدورفت بدستور معمول کے مطابق اور بغیر کسی ٹول فیس کے جاری ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ اس اہم عالمی بحری گزرگاہ پر ٹیکس یا فیس عائد کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں اور اس بارے میں گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز نے علاقائی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ شائع کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک جنوبی بحیرۂ احمر اور باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
حوثیوں کی میری ٹائم اتھارٹی نے اپنے تازہ بیان میں ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال اس حوالے سے نہ کوئی پالیسی مرتب کی گئی ہے اور نہ ہی جہازوں پر کسی قسم کی فیس نافذ کی گئی ہے۔