سعودی ولی عہد اور امریکی صدر ٹرمپ کا ٹیلیفونک رابطہ

قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی حمایت کر رہے ہیں۔

August 2, 2026 · بام دنیا

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، علاقائی کشیدگی اور سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا پر زور دیا کہ تنازع کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جائے اور حالات کو مزید پیچیدہ ہونے سے بچایا جائے۔

رپورٹس کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی حمایت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق قطری ثالثوں نے ایرانی وزیر خارجہ، امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور عمانی حکام سے بھی رابطے کیے ہیں تاکہ جاری کشیدگی میں کمی لانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

ادھر امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو یقینی بنانے سے متعلق سفارتی کوششوں میں بھی کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

علاقائی اور عالمی سطح پر سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف ممالک مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مذاکرات اور بات چیت کو مؤثر راستہ قرار دے رہے ہیں۔