ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق خبروں کی تردید کر دی

آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس بارے میں گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

August 2, 2026 · بام دنیا

تہران: ایران نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ تہران نے آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے دوبارہ کھولنے کے منصوبے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس بارے میں گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی جانب سے ایران کے مؤقف سے متعلق غلط تاثر پیش کیا گیا، حالانکہ آبنائے ہرمز جیسے اہم اسٹریٹجک بحری راستے کے حوالے سے تہران کی پوزیشن بدستور برقرار ہے اور کسی نئی پالیسی یا فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران سے منسوب یہ دعوے حقائق پر مبنی نہیں اور ان کے ذریعے ایران کے مؤقف کے بارے میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم بحری راستہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں سے دنیا کے تیل اور گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اسی وجہ سے اس سے متعلق کسی بھی خبر یا سرکاری مؤقف پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق کسی بھی پالیسی تبدیلی یا سرکاری اعلان کے عالمی توانائی کی منڈی، بحری تجارت اور مشرقِ وسطیٰ کی سکیورٹی پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔