آبنائے ہرمز پہلے والی حالت میں واپس نہیں آئے گی:ایران
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق اقدامات کیے،
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو 28 فروری سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں لایا جا سکے گا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق اقدامات کیے، جن کے تحت بحری آمد و رفت کی نگرانی اور کنٹرول کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر عمان کے ساتھ بھی رابطے میں ہے، تاہم اس وقت اس اہم بحری گزرگاہ کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار کی ترسیل ہوتی ہے۔ امریکا، خلیجی ممالک اور دیگر عالمی فریق اس راستے کی آزادانہ آمد و رفت کی بحالی پر زور دیتے رہے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں آبنائے ہرمز سے متعلق فیصلے خطے کی نئی صورتحال اور مذاکراتی عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔