میکسیکو؛ٹک ٹاک لائیو کے دوران معروف انفلوئنسر کو قتل کر دیا گیا

فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر لائیو اسٹریمنگ کے دوران مسلح افراد نےسیزر گاستیلم کو نشانہ بنایا۔

August 5, 2026 · بام دنیا

میکسیکو کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈلیوری بوائے کے لباس میں لائیو اسٹریمنگ کر رہے تھے

میکسیکو میں معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر سیزر گاستیلم کو ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

سیزر گاستیلم شمالی ریاست سینالوا کے دارالحکومت کولیاکان کے علاقے ٹریس ریوس میں فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹک ٹاک پر لائیو ویڈیو بنا رہے تھے۔

حملے کے وقت سیزر اور ان کے دوست نارنجی رنگ کی وہ جیکٹس اور بیگ پہنے ہوئے تھے جو عام طور پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز استعمال کرتے ہیں۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد وہاں پہنچے، جن میں سے ایک حملہ آور نے قریب سے سیزر گاستیلم پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دونوں حملہ آور فرار ہوگئے۔

سیزر گاستیلم کے ٹک ٹاک پر 5 لاکھ سے زائد فالوورز تھے، جہاں وہ مزاحیہ ویڈیوز، روزمرہ زندگی کے دلچسپ لمحات اور تفریحی مواد شیئر کرتے تھے۔ انسٹاگرام پر بھی وہ سفر، مہنگی گاڑیوں اور اپنی نجی زندگی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے تھے۔

ابتدا میں پولیس نے مقتول کو فوڈ ڈیلیوری ورکر سمجھا، تاہم بعد میں ان کی اصل شناخت سامنے آئی۔

پولیس اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر گولیوں کے خول، قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

تاحال کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، جبکہ یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ مقتول کو پہلے سے کسی قسم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں یا نہیں۔

یہ پہلا واقعہ نہیں کہ میکسیکو میں کسی سوشل میڈیا شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ گزشتہ سال 23 سالہ ٹک ٹاکر ویلیریا مارکیز کو بھی بیوٹی سیلون میں ٹک ٹاک لائیو کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

سیزر گاستیلم کی سوشل میڈیا پوسٹس میں ایک تصویر ایسی بھی تھی جس میں وہ مقتول انفلوئنسر لیوباردو آئسپورو المعروف “ایل گورڈو پیروچی” کی قبر پر موجود تھے۔

لیوباردو کو دسمبر 2024 میں قتل کیا گیا تھا، جس کے بارے میں پولیس کا خیال تھا کہ اس کا تعلق سینالوا کارٹیل کے دو متحارب دھڑوں “لاس چاپیتوس” اور “لا ماییزا” کے درمیان جاری خونریز تنازع سے ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ریاست سینالوا میں ستمبر 2024 سے منشیات فروش گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں اور پرتشدد واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث کولیاکان اور اس کے گردونواح میں امن و امان کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔