نیٹو کے جنگی طیاروں نے لٹویا میں روسی ڈرون مار گرایا
اطالوی یوروفائٹرنے کارروائی کی، ترجمان
یورو فائٹر۔ سوشل میڈیا
لٹویا میں نیٹو کے جنگی طیاروں نے روسی ڈرون مار گرایا۔مسلح ڈرون الیکٹرانک مداخلت کے سبب راستہ بھٹک کر لٹویا میں داخل ہواتھا۔کارروائی میں ترک طیارے بھی شامل تھے ۔ لٹوین حکام کے مطابق ڈرون مشرقی لٹویا کے علاقے بالوی میں داخل ہوا، جس کے بعد سرحدی علاقوں میں فضائی خطرے کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
لٹوین نیشنل آرمڈ فورسز کے مطابق ڈرون کی موجودگی کا پتا چلنے کے فوراً بعد ملک کے پانچ سرحدی اضلاع میں فضائی خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہ الرٹ صبح 4 بج کر 50 منٹ پر ختم کر دیا گیا۔
نیٹو کے مطابق لٹویا کی فضائی حدود میں غیر مجاز ڈرون کی نشاندہی کے بعد بالٹک ایئر پولیسنگ مشن کے تحت لیتھوانیا اور اسٹونیا کے فضائی اڈوں سے جنگی طیارے فوری طور پر روانہ کیے گئے۔ کارروائی میں دو اطالوی یورو فائٹر اور ترکیہ کے دو ایف-16 جنگی طیارے شامل تھے۔
نیٹو ترجمان ایلیسن ہارٹ کے مطابق ایک اطالوی یورو فائٹر نے بلند پرواز کرتے ہوئے ڈرون کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسے تباہ کر دیا گیا۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
لٹوین حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈرون کا راستہ برقیاتی مداخلت کے باعث تبدیل ہوا، جس کے نتیجے میں وہ بھٹک گیا۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
واقعے کے بعد لٹویا نے اپنی مشرقی سرحد پر فضائی دفاعی یونٹس کی موجودگی بڑھا دی ہے۔ خطے کے دیگر ممالک نے بھی حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
فن لینڈ نے بھی روس کے ساتھ متصل اپنے مشرقی علاقوں میں بحری اور فضائی ٹریفک سے متعلق عارضی پابندیاں عائد کی ہیں۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ تمام جنگی طیارے اتحاد کی کمان کے تحت کارروائی کر رہے تھے۔ لٹوین فوج نے شہریوں سے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باعث مستقبل میں بھی ایسے واقعات پیش آنے کا خدشہ موجود ہے، اس لیے کسی بھی مشکوک ڈرون یا فضائی شے کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر حکام کو اطلاع دی جائے۔