امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق

امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک کمسن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مارگلہ روڈ فیصل چوک پر اشارہ بند تھا لیکن امریکی سفارتخانے کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے سامنے سے آنے والی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں سامنے والی گاڑی تباہ ہوگئی ۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں 5 افراد سوار تھے جن میں سے ایک خاتون نادیہ بی بی جاں بحق ہوگئیں، حادثے میں ایک کمسن بچی سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، خاتون کی لاش اور زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ امریکی سفارتخانے کی گاڑی ایک پاکستانی ڈرائیور چلا رہا تھا جس کو موقع سے ہی گرفتارکرکے مارگلہ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔