پنجاب میں بچوں کے تحفظ کیلئے سیف سٹی کا اے آئی سسٹم فعال

نظام کے ذریعے اسکول کے اوقات میں بغیر یونیفارم بچوں کی موجودگی کا بھی خودکار طور پر پتا چلایا جاسکے گا

September 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی نے بچوں کے تحفظ اور ممکنہ چائلڈ لیبر کی بروقت نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں پر مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا چائلڈ پروٹیکشن سسٹم فعال کردیا۔

سیف سٹی ترجمان کے مطابق جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے بچوں سے مشقت سمیت مختلف سرگرمیوں کی 24 گھنٹے خودکار نگرانی اور ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق نظام کے ذریعے اسکول کے اوقات میں بغیر یونیفارم بچوں کی موجودگی کا بھی خودکار طور پر پتا چلایا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ یونیفارم پہنے ان بچوں کی بھی نشاندہی ممکن ہوگی جو اسکول کے اوقات میں تعلیمی ادارے سے باہر موجود ہوں۔

سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بچے کے بغیر یونیفارم یا اسکول سے باہر موجود ہونے کی نشاندہی ہونے پر سسٹم خودکار الرٹ جاری کرے گا، جو بروقت متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے۔

ترجمان کے مطابق اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کے لیے اے آئی سسٹم روزانہ صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک فعال رہے گا۔

سیف سٹی حکام کے مطابق جدید نظام کا مقصد ممکنہ چائلڈ لیبر اور اسکول سے باہر بچوں کی بروقت نشاندہی میں متعلقہ اداروں کی معاونت کرنا ہے، جبکہ کیمروں سے موصول ہونے والے خودکار الرٹس فوری طور پر متعلقہ حکام کو بھیجے جائیں گے۔