عراقچی کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
گفتگو میں مشرق وسطیٰ سمیت خطے کو درپیش اہم معاملات اور حالیہ واقعات پر دونوں وزرائے خارجہ نے اپنے مؤقف کا تبادلہ کیا۔
فائل فوٹو
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی ذرائع کے مطابق یہ رابطہ عباس عراقچی کے چین کے دورے کے دوران ہوا۔ گفتگو میں مشرق وسطیٰ سمیت خطے کو درپیش اہم معاملات اور حالیہ واقعات پر دونوں وزرائے خارجہ نے اپنے مؤقف کا تبادلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایران اور ترکیہ کے درمیان علاقائی معاملات پر سفارتی رابطے ایسے وقت میں جاری ہیں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے نے گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان رابطہ خطے میں جاری سفارتی مشاورت کا حصہ ہے۔
رواں ماہ بھی عباس عراقچی اور ہاکان فیدان کے درمیان علاقائی صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر رابطہ ہو چکا ہے