امریکی ریپر کا فلسطین کے لیے ایک ملین ڈالر کا اعلان

صرف مالی امداد اس بحران کا مکمل حل نہیں، بلکہ ان حالات کے بنیادی اسباب سے نمٹنے کے لیے سیاسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

September 17, 2026 · بام دنیا
امریکی ریپر کا فلسطین کے لیے ایک ملین ڈالر کا اعلان

امریکی ریپر کا فلسطین کے لیے ایک ملین ڈالر کا اعلان

امریکی ریپر میکلمور نے فلسطینیوں کی مدد کے لیے اپنی ایک ملین ڈالر کی آمدن عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

میکلمور کے مطابق وہ ایڈ شیرن کے دورۂ موسیقی سے حاصل ہونے والی اپنی مکمل ایک ملین ڈالر کی خالص آمدن فلسطینیوں کی مدد کے لیے کام کرنے والی چھ تنظیموں کو عطیہ کریں گے۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کیا

میکلمور نے کہا کہ وہ موجودہ تنازع سے متعلق گفتگو کو اپنے بجائے فلسطینی عوام کی مشکلات اور ان کے مسائل کی جانب واپس لانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود اس بات پر اتفاق ہونا چاہیے کہ فلسطینیوں کی جانیں بھی تحفظ کی مستحق ہیں۔

امریکی ریپر نے کاروباری شخصیت رابرٹ کرافٹ سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کے عطیے کے برابر رقم عطیہ کریں۔ تاہم کرافٹ کے مطابق ایڈ شیرن پہلے ہی ان سے خطے کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد میں حصہ ڈالنے کی درخواست کرچکے ہیں۔

میکلمور کے مطابق عطیے کی رقم فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ، ہیل فلسطین، غزہ سوپ کچن، میڈیکل ایڈ فار فلسطین، یو این آر ڈبلیو اے امریکا اور اینیرا نامی چھ تنظیموں کے ذریعے فلسطینیوں کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔

میکلمور نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے نزدیک صرف مالی امداد اس بحران کا مکمل حل نہیں، بلکہ ان حالات کے بنیادی اسباب سے نمٹنے کے لیے سیاسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب میکلمور کو فلسطین کے حق میں اظہارِ خیال کے بعد ایڈ شیرن کے دورے کی باقی امریکی تقریبات سے الگ کردیا گیا۔ اس معاملے کے بعد دورے کے دیگر معاون فنکاروں نے بھی میکلمور سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دستبرداری اختیار کی۔

رابرٹ کرافٹ نے بعد ازاں کہا کہ ایڈ شیرن نے ان سے خطے کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد میں حصہ لینے کو کہا ہے، جبکہ وہ دیگر مقامات کے مالکان سے بھی امدادی رقم جمع کرنے کے لیے رابطہ کریں گے