مالی سال 2025-26: پاکستان کا بیرونی سرکاری قرض 6.84 فیصد اضافے سے 98.08 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

مالی سال 2025-26 کے دوران ملکی برآمدات 5.93 فیصد کمی کے ساتھ 30.139 ارب ڈالر رہیں، درآمدات 8.14 فیصد بڑھ کر 69.761 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں ، میاں زاہد حسین

November 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: ممتاز بزنس رہنما اور صدر پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم، آل کراچی انڈسٹریل الائنس و چیئرمین ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین نے انکشاف کیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کے بیرونی سرکاری قرضوں میں 6.84 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد 30 جون 2026 تک مجموعی بیرونی قرض 98 ارب 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (98.075 ارب ڈالر) کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

وزارتِ اقتصادی امور کی 11 نومبر کو جاری کردہ سالانہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے میاں زاہد حسین نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بیرونی سرکاری قرض میں 6.28 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ اسی عرصے میں بیرونی قرضوں کی واپسی پر 14 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر خرچ کیے گئے۔ اس رقم میں 11 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اصل زر کی واپسی اور 3 ارب 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سود کی ادائیگی شامل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں ملک کو 16.16 ارب ڈالر کی غیر ملکی اقتصادی امداد موصول ہوئی، جس میں سے تقریباً 58 فیصد یعنی 9.375 ارب ڈالر بجٹ اور ادائیگیوں کے توازن (Balance of Payments) کو سہارا دینے کے لیے استعمال کیے گئے۔ اس کے علاوہ منصوبہ جاتی فنانسنگ (Project Financing) کی مد میں 3.435 ارب ڈالر، پروگرام فنانسنگ میں 1.329 ارب ڈالر اور کموڈٹی فنانسنگ میں 2.019 ارب ڈالر موصول ہوئے۔

ملکی قرضوں کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں زاہد حسین نے کہا کہ جون 2026 کے اختتام تک مقامی سرکاری قرضہ بھی تقریباً 9 فیصد اضافے کے ساتھ 59.441 کھرب (ٹریلین) روپے تک پہنچ گیا ہے، جو مجموعی سرکاری قرض کا 68.5 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھاری ادائیگیوں کے باوجود مسلسل قرض لینے کے رجحان کے پیشِ نظر نئے قرضوں کی شرائط، واپسی کی ذمہ داریوں اور ان کے معاشی فوائد کا باریک بینی سے جائزہ لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔

بیرونی تجارت کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ملکی برآمدات 5.93 فیصد کمی کے ساتھ 30.139 ارب ڈالر رہیں، جبکہ درآمدات 8.14 فیصد بڑھ کر 69.761 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ تقریباً 22 فیصد اضافے سے 39.622 ارب ڈالر ہو گیا اور برآمدات درآمدی بل کے محض 43.2 فیصد حصے کو ہی پورا کر سکیں۔

میاں زاہد حسین کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلاتِ زر 8.6 فیصد اضافے کے ساتھ 41.585 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو اہم سہارا ملا، تاہم ترسیلاتِ زر نجی گھریلو آمدنی کی نمائندگی کرتی ہیں اور پائیدار برآمدی آمدنی کا نعم البدل نہیں بن سکتیں۔

حکومت کو تجاویز دیتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ مالیاتی دباؤ کم کرنے کے لیے غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کٹوتی کی جائے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے برآمدی صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے لیے سستی اور بلاتعطل توانائی کی فراہمی، کم لاگت فنانسنگ اور ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی پر زور دیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے سفارش کی کہ بیرونی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کی لاگت، پیش رفت اور نتائج کی سہ ماہی بنیادوں پر تفصیلات شائع کی جائیں، جبکہ اصل زر، سود کی ادائیگیوں اور قرضوں کے رول اوور کی علیحدہ رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ صنعتی پیداوار، برآمدات اور روزگار میں پائیدار اضافے کے ذریعے طویل المدتی معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔