بنیادی اصلاحات کے بغیر چھوٹے صوبے بنانا ملک کیلئے نقصان دہ ہے، خواجہ سعد رفیق

سیاسی سلطنتوں کا خاتمہ ضروری، عجلت سے گریز کیا جائے، مسلم لیگ ن کے رہنما کا بیان۔

November 20, 2026 · قومی
بنیادی اصلاحات کے بغیر چھوٹے صوبے بنانا ملک کیلئے نقصان دہ ہے، خواجہ سعد رفیق

بنیادی اصلاحات کے بغیر چھوٹے صوبے بنانا ملک کیلئے نقصان دہ ہے، خواجہ سعد رفیق

لاہور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بنیادی اصلاحات کے بغیر محض چھوٹے صوبے بنانے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں انہوں نے کہا کہ اس گلے سڑے نظام حکمرانی کو صرف چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہئیں مگر ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چھوٹے صوبے بنانا ایک مثبت عمل ہے لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کیے جائیں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور سرمائے کی حکمرانی کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست کرنے کا راستہ بنایا جائے اور سول سروس و عدالتی اصلاحات نافذ کی جائیں۔ ملک میں جاری شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، افلاس کی انتہا، مفلوج نظام عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں اگر چھوٹے صوبے بنا بھی لیے گئے تو یہ نظام ناپائیدار ہوگا اور نئی پیچیدگیاں پیدا کرے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے۔ اگر ملک چلانا ہے تو پہلے ان مصائب سے قوم کی جان چھڑائی جائے اور جلد بازی سے کام لے کر چھوٹے صوبے بنانے کے ترقی پسندانہ اقدام کو متنازع نہ بنایا جائے۔