پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پر مشتبہ ڈرون کی موجودگی سے پروازیں معطل
سیکیورٹی خدشات، فضائی آپریشن عارضی تعطل کا شکار، کلیئرنس کے بعد پروازیں بحال
پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پر مشتبہ ڈرون کی موجودگی سے پروازیں معطل
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مصروف ترین چارلس ڈی گال ایئرپورٹ کی فضائی حدود میں مشتبہ ڈرون دیکھے جانے کی اطلاع ملنے پر حفاظتی اقدامات کے تحت تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔ اس ناگہانی صورتحال کے باعث مسافروں اور مختلف ایئرلائنز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ کو فضائی حدود کے قریب ایک مشتبہ ڈرون کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسافر طیاروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی خاطر فلائٹ آپریشن کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر ایئرپورٹ کے اطراف میں سرچ آپریشن اور چیکنگ کا عمل شروع کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل جانچ پڑتال اور کلیئرنس ملنے کے بعد ایئرپورٹ پر معمول کا فضائی آپریشن دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ دریں اثنا، فرانسیسی قوانین کے تحت ایئرپورٹس اور دیگر حساس تنصیبات کے قریب بغیر اجازت ڈرون اڑانا قانوناً جرم اور سختی سے ممنوع ہے، کیونکہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیاں ٹیک آف اور لینڈنگ کے مراحل میں مسافر طیاروں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔ متعلقہ حکام نے اس واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ڈرون کی موجودگی کے محرکات اور اسے چلانے والے افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔