کراچی کے علاقے لانڈھی میں گھریلو ناچاقی پر فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق
خاتون نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہوا تھا، ملزم نے فائرنگ کے بعد خود بھی زندگی کا خاتمہ کرلیا
کراچی کے علاقے لانڈھی میں گھریلو ناچاقی پر فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے لانڈھی کی مظفر آباد کالونی میں گھریلو تنازع کے نتیجے میں پیش آنے والے خونی واقعے میں خاتون اور اس کے بھائی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جہاں شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ناصر احمد ولد مقبول احمد اپنی سسرال پہنچا اور فائرنگ کرکے اپنی بیوی مسماۃ اسماء اور سالے محمد احسن ولد محمد عارف کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ترجمان ایدھی اور پولیس کے ابتدائی بیانات کے مطابق، فائرنگ کرنے والے ملزم ناصر احمد نے اپنے بیوی اور سالے کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس اور کرائم سین یونٹ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے جبکہ واقعے کے مقام سے ایک عدد پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تمام لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق جاں بحق ہونے والے جوڑے کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی تاہم کچھ عرصے سے ان کے درمیان گھریلو ناچاقی اور علیحدگی چلی آ رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ اسماء نے اپنے شوہر سے علیحدگی اور خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہوا تھا اور وہ ان دنوں اپنے والدین کے گھر مقیم تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔