خطرے میں گھری خواتین کے لیے فون شیک فیچر متعارف

یہ سہولت بالخصوص ہراسانی، دھمکیوں اور دیگر ہنگامی حالات میں خواتین کے لیے مدد حاصل کرنے کا ایک آسان اور خفیہ طریقہ فراہم کرے گی۔

November 20, 2026 · قومی
خطرے میں گھری خواتین کے لیے فون شیک فیچر متعارف

خطرے میں گھری خواتین کے لیے فون شیک فیچر متعارف

لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے خواتین کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ویمن سیفٹی ایپ میں جدید ’فون شیک‘ سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے خواتین کسی ہنگامی صورتحال میں صرف موبائل فون ہلا کر مدد کے لیے اطلاع بھیج سکیں گی۔

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اس سہولت کا مقصد ایسے حالات میں خواتین کو فوری پولیس امداد فراہم کرنا ہے، جب ان کے لیے فون کال کرنا، بولنا یا اپنی صورتحال کی وضاحت کرنا ممکن نہ ہو۔

نئی سہولت کے تحت خاتون موبائل فون ہلا کر ہنگامی اطلاع بھیج سکے گی۔ اطلاع کی تصدیق ہوتے ہی سیف سٹی کنٹرول روم کو فوری پیغام موصول ہوگا، جس کے بعد متعلقہ پولیس اہلکاروں کو موقع پر مدد کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سہولت بالخصوص ہراسانی، دھمکیوں اور دیگر ہنگامی حالات میں خواتین کے لیے مدد حاصل کرنے کا ایک آسان اور خفیہ طریقہ فراہم کرے گی۔

ویمن سیفٹی ایپ میں پولیس سے براہ راست رابطے کے لیے لائیو چیٹ اور ویڈیو کال کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ’کنیکٹ ٹو سیف سٹی‘ کے ذریعے خواتین اپنے موبائل کیمرے سے براہ راست ویڈیو سیف سٹی کنٹرول روم کو بھیج سکتی ہیں، جس سے حکام کو صورتحال سمجھنے اور فوری کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ایپ میں سفری سہولیات، مقام کی جانچ پڑتال اور قانونی رہنمائی سمیت دیگر حفاظتی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں، تاکہ خواتین کو روزمرہ سرگرمیوں اور سفر کے دوران زیادہ تحفظ اور معاونت میسر آسکے۔