اینکر رابعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت،شوہر کو رہائی مل گئی
رابعہ احسن کی موت حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی تھی اور انہیں ملزم کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں۔حلف نامے میں مئوقف
رابعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت،شوہر کو رہائی مل گئی
راولپنڈی:مقامی عدالت نے اینکر پرسن رابعہ احسن کے شوہر کو بعد از گرفتاری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
عدالت میں سماعت کے دوران مقتولہ کی والدہ، بھائی اور بہن پیش ہوئے، جنہوں نے حلف نامے جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ رابعہ احسن کی موت حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی تھی اور انہیں ملزم کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں۔
واضح رہے کہ رابعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنی رہائش گاہ پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی تھیں۔ واقعے کے بعد ان کے بھائی کی درخواست پر پولیس نے شوہر کے خلاف قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
بعد ازاں مقتولہ کے اہلخانہ نے مؤقف تبدیل کرتے ہوئے عدالت میں بیان دیا کہ فائرنگ کا واقعہ حادثاتی تھا۔ عدالت نے اہلخانہ کے بیانات قلمبند کرنے اور حلف ناموں کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔