امریکی سینیٹ نے ایران مخالف قرارداد مسترد کردی، عراقچی کا طنز

اہم پیش رفت، ٹرمپ نے حملہ اگلے سال تک ملتوی کردیا، سفیر کے بیان پر ردعمل

November 20, 2026 · بام دنیا
امریکی سینیٹ نے ایران مخالف قرارداد مسترد کردی، عراقچی کا طنز

امریکی سینیٹ نے ایران مخالف قرارداد مسترد کردی، عراقچی کا طنز

تہران اور واشنگتن کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکا میں تعینات اسرائیلی سفیر کے بیان پر طنزیہ ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہ نہیں جانتے تھے کہ امریکا میں تعینات اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے کمانڈر انچیف بھی ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی سفیر نے اپنے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ سے امریکی فوجیوں کی مکمل واپسی ایران کی شکست کے بعد ہی ممکن ہوسکے گی۔

دوسری جانب خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ رکوانے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد ایک بار پھر مسترد کر دی ہے۔ سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران قرارداد کے حق میں 48 جبکہ مخالفت میں 51 ووٹ ڈالے گئے، جس کے نتیجے میں ری پبلکن ارکان نے ٹرمپ انتظامیہ کی جنگی پالیسی کی ایک بار پھر حمایت کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ووٹنگ کے عمل میں ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹر مین نے اپنی ہی جماعت کے برعکس قرارداد کی مخالفت کی، جبکہ ری پبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، رینڈ پال اور لیزا مرکوسکی نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے واپسی پر طیارے میں مختصر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ایران کے معاملے پر کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کریں گے اور نئے سال کے آغاز کے بعد ہی دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ ایران جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور دونوں رہنما اس مقصد کے لیے ایران کو پیغامات بھی بھیج رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایران کے خلاف فروری میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد سے ڈیموکریٹس مسلسل جنگی اختیارات سے متعلق قراردادیں پیش کر رہے ہیں جبکہ جنگ کے باعث امریکا میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے بھی حکومت کو شدید سیاسی دباؤ سے دوچار کر رکھا ہے۔