سندھ اسمبلی میں طلبہ یونین کے فوری انتخابات کے انعقاد کی قرارداد جمع
جمہوری نرسری کی بحالی، حکومت سے فوری تاریخیں مقرر کرنے کا مطالبہ، عملی اقدامات ناگزیر۔
سندھ اسمبلی میں طلبہ یونین کے فوری انتخابات کے انعقاد کی قرارداد جمع
کراچی میں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کے فوری انتخابات کے انعقاد کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک اہم قرارداد جمع کرا دی ہے۔ جمع کرائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق یہ ایوان اس امر کو تسلیم کرتا ہے کہ طلبہ یونینز جمہوری معاشرے کی بنیادی نرسری، طلبہ و طالبات کی مؤثر نمائندگی کا آئینی و جمہوری حق اور مستقبل کی قومی قیادت کی تیاری کا ایک اہم ترین ادارہ ہیں۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ میں طلبہ یونینز کی بحالی کا حکومتی اقدام قابل تحسین ہے، تاہم یہ امر شدید تشویشناک ہے کہ بحالی کے باضابطہ اعلان کے باوجود اب تک صوبے کی کسی بھی سرکاری یا نجی جامعہ اور کالج میں طلبہ یونینز کے باقاعدہ انتخابات منعقد نہیں کروائے گئے۔ دستاویز کے مطابق محض قانونی و انتظامی سطح پر بحالی کا اعلان اس وقت تک ادھورا اور نامکمل ہے جب تک طلبہ کو اپنے حقیقی نمائندے چننے کا عملی حق فراہم نہیں کیا جاتا، کیونکہ یونینز کی اصل روح آزادانہ، شفاف اور باقاعدہ انتخابات کے انعقاد میں ہی پوشیدہ ہے۔
قرارداد کے آخر میں حکومت سندھ سے پُر زور مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی جامعات، کالجز اور دیگر متعلقہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز کے انتخابات کرانے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس ضمن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ فی الفور انتخابی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کرے تاکہ تعلیمی اداروں میں مثبت جمہوری سرگرمیوں کا آغاز یقینی بنایا جا سکے۔