پاکستان سمیت 15 ممالک اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ کھڑے ہوگئے

برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر میں ملوث آٹھ تعمیراتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں

November 20, 2026 · بام دنیا
پاکستان سمیت 15 ممالک اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ کھڑے ہوگئے

پاکستان سمیت 15 ممالک اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ کھڑے ہوگئے

پاکستان سمیت 15 ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث عناصر کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان، اردن، مصر، سعودی عرب، صومالیہ، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، کویت، الجزائر، نائیجر، فلسطین، لیبیا اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ نے برطانیہ اور آسٹریلیا کے اقدامات کو سراہا۔

برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر میں ملوث آٹھ تعمیراتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جبکہ آسٹریلیا نے غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور آبادکاروں کے تشدد میں ملوث تین اسرائیلی شخصیات اور چار تنظیموں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں برطانیہ کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والی ایک تنظیم پر پابندی کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بستیوں کی مسلسل توسیع، بالخصوص مشرقی بیت المقدس کے قریب ای ون منصوبے کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مغربی کنارے کو تقسیم کرکے فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں مزید رکاوٹیں پیدا کرے گا۔

اعلامیے میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیلی بستیوں کی توسیع اور الحاق کی پالیسیوں میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف مؤثر اقدامات کرے اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات واپس لے۔

وزرائے خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے کی بھی مذمت کی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ تنازع ختم کرنے کے جامع منصوبے پر مکمل اور فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پائیدار امن کا واحد قابل عمل راستہ دو ریاستی حل ہے، جس کے تحت 4 جون 1967ء کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔