چونیاں میں زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، مقدمہ درج

دلخراش واقعہ، بیٹی پر زہر ملانے کا الزام، پولیس کی جانب سے چھاپے جاری

November 21, 2026 · قومی
چونیاں میں زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، مقدمہ درج

چونیاں میں زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، مقدمہ درج

چونیاں کے علاقے میں پیش آنے والے ایک دلخراش واقعے میں زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں قاسم علی، ان کی اہلیہ اور 3 بیٹے شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 22 اکتوبر کو زہریلی کھیر کھانے کے بعد خاندان کے 6 افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی، جن میں سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

درج ایف آئی آر کے مطابق واقعے میں قاسم علی کی بیٹی پر مبینہ طور پر کھیر میں زہریلی گولیاں ملانے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ایک اور واقعے میں دیر بالا کے علاقے نرہنڈ خوڑ کے مقام پر گاڑی دریائے پنجکوڑہ میں گرنے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 1 شخص زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق بی بیوڑ میاں بانڈہ سے تھا، اور اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔