آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا آغاز آج، پاکستانی اسٹارز ایکشن میں ہوں گے

شاندار تیاریاں مکمل، افتتاحی میچ دبئی میں ہوگا، بڑے نام جلوہ گر ہوں گے۔

November 21, 2026 · اسپورٹس
آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا آغاز آج، پاکستانی اسٹارز ایکشن میں ہوں گے

آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا آغاز آج، پاکستانی اسٹارز ایکشن میں ہوں گے

متحدہ عرب امارات میں انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی) کے سیزن 5 کا آغاز آج ہفتے سے ہو رہا ہے، جس میں بابر اعظم اور شاداب خان سمیت پاکستان کے نامور کرکٹ اسٹارز بھی میدان میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اس ایونٹ کے افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور گزشتہ سیزن کی رنرز اپ ٹیم ایم آئی ایمریٹس دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک روز قبل ایکسپو سٹی دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے دفتر میں 6وں فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑیوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور اپنی تیاریوں، ٹائٹل جیتنے کے عزائم اور لیگ کے بڑھتے ہوئے عالمی معیار پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

ٹورنامنٹ کی انتظامی تفصیلات کے مطابق پانچویں سیزن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شام 6 بج کر 30 منٹ پر منعقد ہوگی، جس میں خصوصی پرفارمنس، نئے ترانے کی رونمائی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ افتتاحی میچ شام 7 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ مجموعی طور پر ٹورنامنٹ کے 34 مقابلوں میں بابر اعظم، شاداب خان کے علاوہ سنیل نارائن، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگسٹون سمیت عالمی کرکٹ کے بڑے نام شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

کھلاڑیوں اور مبصرین نے لیگ کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایونٹ سے اماراتی کرکٹ کو زبردست فروغ مل رہا ہے۔ ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کو بہترین فیصلہ قرار دیا، جبکہ ایم آئی ایمریٹس کے راشد خان نے کہا کہ اس لیگ کے انعقاد سے مقامی نوجوانوں کو عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہترین مواقع مل رہے ہیں۔ دبئی کیپیٹلز کی جانب سے پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کرنے والے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی اور گلف جائنٹس کے کپتان ہینرک کلاسن نے بھی ایونٹ کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے لیگ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کی لازمی شمولیت کے فیصلے کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ اس کے علاوہ کمنٹری پینل میں بھی کرکٹ کے بڑے نام فرائض انجام دیں گے، جن میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے علاوہ آسٹریلیا کے بریٹ لی، بھارت کے نوجوت سنگھ سدھو اور رابن اتھاپا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایان بشپ شامل ہیں۔ منتظمین کے مطابق شائقین افتتاحی میچ سمیت دیگر مقابلوں کے ٹکٹ آئی ایل ٹی 20 کی آفیشل ٹکٹنگ ویب سائٹ اور پلاٹینم لسٹ سے باآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔