ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، امریکی قیادت کا دوٹوک اعلان
اہم بیان، ایران دنیا میں دہشتگردی کی سرپرست ریاست ہے، ٹرمپ اور جے ڈی وینس کا مؤقف
ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، امریکی قیادت کا دوٹوک اعلان
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیا جائے گا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ سابق امریکی صدر جارج بش کی پالیسیوں سے ہٹ کر عملی اقدامات کریں گے اور جوہری خطرے کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران دنیا میں دہشتگردی کی سب سے بڑی سرپرست ریاست ہے اور اسے جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہمارا بنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیے تو وہ اسے بلیک میلنگ، حملوں یا ہزاروں افراد کی جانوں کے خلاف استعمال کر سکتا ہے، جبکہ جنگ کا حتمی فیصلہ صدر ٹرمپ کا اختیار ہے اور وہ اس معاملے میں مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری ذخائر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت امریکا کے پاس تقریباً 4 ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں جبکہ روس اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ چین کے پاس اس وقت 600 جوہری ہتھیار ہیں لیکن آئندہ 10 سال میں چین ان ہتھیاروں کی تعداد کے معاملے میں امریکا کے برابر آ سکتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے پہلے دورِ صدارت میں امریکی جوہری ہتھیاروں کو اپ گریڈ کیا گیا اور نئے ہتھیار تیار کیے گئے۔
صدر ٹرمپ نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مکمل طور پر قابو سے باہر ہو چکا ہے اور اس کے پاس کسی بھی ملک کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا کوئی قانونی جواز یا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چین نے پہلی مرتبہ اس بین الاقوامی عدالت کی مذمت کرنے پر اتفاق کیا ہے، اور وہ خود تجارت کے فروغ کے ذریعے ممالک کے درمیان پائیدار امن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔