امریکی محکمہ زراعت پر بڑا سائبر حملہ،متعدد کمپیوٹر سسٹمز بند
سائبر سکیورٹی کی خلاف ورزی، متعدد ایپلی کیشنز بند، کوئی ڈیٹا ضائع نہیں ہوا۔
امریکی محکمہ زراعت پر بڑا سائبر حملہ،متعدد کمپیوٹر سسٹمز بند
امریکی محکمہ زراعت کو ایک بڑے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے نتیجے میں اہم کمپیوٹر سسٹمز عارضی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق سائبر سکیورٹی کی خلاف ورزی کے واقعے کے بعد کسانوں کی مالی ادائیگیوں اور فصلوں کی انشورنس سے متعلق نظام شدید متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سائبر حملے کے بعد احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے تحت محکمہ زراعت کی متعدد ایپلی کیشنز کو فوری طور پر بند کر دیا گیا، جس سے روزمرہ کی مختلف خدمات کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ متاثرہ نظاموں میں زرعی امداد، کسانوں کو مالی ادائیگیوں اور فصلوں کی انشورنس سے متعلق اہم سہولیات شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام نے صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سائبر حملے کے بعد بروقت اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کے باعث کسی قسم کا ڈیٹا ضائع ہونے سے بچ گیا ہے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ زراعت کے بیشتر متاثرہ پروگرامز اور نظام جلد از جلد بحال کر دیے جائیں گے، تاہم نظاموں کی مکمل اور حتمی بحالی تک کسانوں کو بعض خدمات کے حصول میں عارضی مشکلات کا سامنا رہنے کا امکان ہے۔