جنوبی وزیرستان میں امن و امان کے فروغ کیلئے ایف سی کی زیرِنگرانی کھلی کچہری اور گرینڈ جرگہ منعقد
سرویکئی اور جنڈولہ میں تقریبات، قبائلی عمائدین کی شرکت، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی
جنوبی وزیرستان میں امن و امان کے فروغ کیلئے ایف سی کی زیرِنگرانی کھلی کچہری اور گرینڈ جرگہ منعقد
جنوبی وزیرستان میں فرنٹئیر کور (ایف سی) کے زیرِانتظام عوام کے مسائل کے حل اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے کھلی کچہری اور گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا۔
سرکاری ذرائع اور مقامی اطلاعات کے مطابق سرویکئی کے مقام پر ایف سی کے بریگیڈ کمانڈر اور اسسٹنٹ کمشنر کی زیرنگرانی ایک کھلی کچہری لگائی گئی، جس میں مقامی قبائلی عمائدین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ جنڈولہ میں بھی ایف سی کے مقامی ونگ کمانڈر کی سربراہی میں اے آر ڈی سی کے ممبران اور قبائلی عمائدین کے ساتھ ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔
ان تقریبات کے دوران علاقے میں جاری سیکیورٹی آپریشنز، امن و استحکام کی صورتحال اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرگے کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام، دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور معمولاتِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام فریقین کو مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
شرکاء نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایف سی اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور ان میں اپنے مکمل تعاون اور غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔