لاہور،قرطبہ چوک کے قریب پلازے میں خوفناک آتشزدگی،ریسکیو آپریشن جاری

ریسکیو فائر فائٹرز آگ بجھانے اور عمارت میں موجود افراد کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

November 21, 2026 · قومی
لاہور،قرطبہ چوک کے قریب پلازے میں خوفناک آتشزدگی،ریسکیو آپریشن جاری

لاہور،قرطبہ چوک کے قریب پلازے میں خوفناک آتشزدگی،ریسکیو آپریشن جاری

لاہور کے علاقے مزنگ میں قرطبہ چوک کے قریب واقع ماشااللہ پراٹھا کے ساتھ نجی اپارٹمنٹ بلڈنگ اور پلازے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث عمارت میں شعلے بلند ہونے لگے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم واقعے کی حتمی وجہ کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو فائر فائٹرز آگ بجھانے اور عمارت میں موجود افراد کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے جائے وقوعہ پر امدادی گاڑیوں کی آمدورفت یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے غیر ضروری شہریوں اور گاڑیوں کو موقع سے ہٹانے اور فائر بریگیڈ سمیت دیگر امدادی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جائے وقوعہ پر غیر ضروری رش لگانے سے گریز کریں تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

تاحال کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔