سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ فتح پر پر اعتماد ہوں،بیٹنگ فارم بحال ہوگی، بابر اعظم
پچز مشکل نہیں تھیں، بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ فتح پر پر اعتماد ہوں،بیٹنگ فارم بحال ہوگی، بابر اعظم
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کے حوالے سے مکمل پر اعتماد ہیں اور جلد ان کے رنز کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1 صفر سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی خامیوں اور غلطیوں پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ سیریز کے دوران کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں کیونکہ وہ پہلے بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایسی پچز پر کھیل چکے ہیں۔ ایک پیشہ ور ٹیم کی حیثیت سے کھلاڑیوں کو ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ بطور کپتان وہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور نئے کھلاڑیوں کا میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ایک خوش آئند امر ہے۔
بولنگ کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثاقب خان نے بہترین کنٹرول کے ساتھ بولنگ کا مظاہرہ کیا کیونکہ تسلسل سے اچھی گیند بازی کرنے والے بولرز ہمیشہ کپتان کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے محمد عباس کے تجربے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قسم کے حالات میں بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نوجوان فاسٹ بولرز کو ان کے تجربے سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ بابر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ طیب عارف اور محمد طحہٰ جیسی صلاحیتیں پاکستانی بیٹنگ کا مستقبل ہیں جنہیں بین الاقوامی کرکٹ کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔