امریکی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی زد میں، تینوں بڑے انڈیکس نمایاں کمی سے بند
عالمی منڈی میں ہلچل، ٹیکنالوجی کمپنیوں کے شیئرز گرے، ٹرمپ کا مؤقف سامنے آگیا۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی زد میں، تینوں بڑے انڈیکس نمایاں کمی سے بند
امریکی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی زد میں آ گئی ہے اور کاروبار کے اختتام پر تینوں بڑے انڈیکس نمایاں کمی کے ساتھ بند ہوئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیس ڈیک انڈیکس میں 5.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد یہ 22 ہزار 617 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 3.7 فیصد کمی ہوئی اور یہ 6 ہزار 910 پوائنٹس پر آ گیا جبکہ ڈاؤ جونز انڈیکس 1.93 فیصد کمی کے بعد 48 ہزار 147 پوائنٹس پر بند ہوا۔
معاشی ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی پر بڑھتے ہوئے اخراجات امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی بڑی وجہ بنے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی آمدن میں کمی کے خدشات نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ رہی ہے اور ان میں مزید کمی آئے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران ان کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور وہ تہران کے ساتھ ایک حقیقی معاہدہ چاہتے ہیں لیکن ایران ایسا کوئی معاہدہ کرنے سے گریزاں ہے جو انہیں قبول ہو۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایندھن کی قیمتوں کا انحصار اس بات پر ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات کس طرح طے پاتے ہیں۔
چین سے وطن واپسی کے موقع پر ایک امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے معاملے میں فیصلے پر کوئی جلد بازی نہیں کریں گے اور مکمل تحمل سے کام لیں گے۔ دریں اثنا، مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی روسی اور چینی صدور سے گفتگو کے نتیجے میں عالمی سطح پر ایک سازگار فضا قائم ہوئی ہے۔