دوسر ا ون ڈے ،بھارت کو آسٹریلیا کےہاتھوں 10وکٹوں سےشکست

نئی دہلی ( اُمت نیوز ) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین ون ڈے میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔
گزشتہ دو سالوں کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں یہ بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کی تیسری مرتبہ 10 وکٹوں سے فتح ہے۔
وشا کھاپٹنم میں کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میں بھارتی ٹیم آسٹریلیا کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے نہ ٹک سکی اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 26 اوورز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ویرات کوہلی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اکسر پٹیل 29 اور روہت شرما نے 13 رنز بنائے۔
جواب میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 118 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 11ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا، مچل مارش 66 اور ٹریوس ہیڈ نے 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا فیصلہ کن میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔